*جھنگ(جاوید اعوان سے)محمد اعظم کی ڈپٹی کمشنر سے اپیل مجھے انصاف دلوایا جائے*
چک نمبر 480 ج ۔ب تحصیل شورکوٹ کے موضع بن مرالی کے رہائشی محمداعظم ولد دل محمد قوم گجر نے اراضی کی حدبندی اور پیمائش میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف ڈپٹی کمشنر جھنگ کو تحریری درخواست دے دی۔درخواست گزار کے مطابق سال 2005 میں اراضی سے متعلق حدبندی کے احکامات جاری ہوئے تھے، جن پر عملدرآمد کے لیے فیلڈ عملہ موقع پر موجود تھا، تاہم عملہ نے عدالتی و انتظامی احکامات کی مکمل پاسداری نہیں کی۔ الزام ہے کہ پیمائش شفاف انداز میں نہیں کی گئی اور سائل کی زیرِ قبضہ اراضی کو نظرانداز کرتے ہوئے بعض افراد کو ناجائز فائدہ پہنچایا گیا۔
محمد اعظم ولد دل محمد قوم گجر سکنہ چک نمبر 480 ج۔ب کا کہنا ہے کہ ازسرِنو حدبندی کے باوجود عملہ نے ریکارڈ کے مطابق مکمل پیمائش نہیں کی، جس سے انہیں مالی اور قانونی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ موقع پر بدنظمی اور شور شرابے کی صورتحال بھی پیدا ہوئی، جبکہ سڑک اور راستے کے معاملات کو غلط طور پر شامل کر کے اصل رقبہ متاثر کیا گیا۔
درخواست گزار نے ڈپٹی کمشنر جھنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے، شفاف انداز میں ازسرِنو حدبندی کروائی جائے اور ذمہ دار فیلڈ عملہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ متاثرہ فریق کو انصاف مل سکے۔
238










