*جھنگ(جاوید اعوان سے)سویرا فارمیسی انکوائری ڈی ایچ او آفس کی فائلوں میں ’دفن‘، میڈیکل مافیا کو بچانے کی کوشش؟*
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ کے بالکل سامنے، گوجرہ روڈ پر واقع سویرا فارمیسی میں ایکسپائرڈ انجکشنز کی فروخت کا سنگین معاملہ سرد خانے کی نذر ہو گیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) کے دفتر میں موجود ’کالی بھیڑوں‘ نے مبینہ ملی بھگت سے انکوائری فائل غائب کر دی ہے، جس سے انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کو کھلی چھٹی ملنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
چند روز قبل مذکورہ فارمیسی پر زائد المیعاد (Expired) انجکشنز کی موجودگی اور فروخت کا انکشاف ہوا تھا، جسے میڈیا نے عوامی مفاد میں بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔ عوامی احتجاج اور میڈیا پریشر پر چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) ہیلتھ اتھارٹی جھنگ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایچ او جھنگ کو شفاف انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔انتظامیہ کے سخت احکامات کے باوجود تاحال اس کیس میں کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ڈی ایچ او آفس میں برسوں سے براجمان بعض بااثر ملازمین، جو فائلوں کو ’رولنے‘ اور بااثر مافیا کو تحفظ دینے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں، اس کیس کو دبانے میں سرگرم ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انسانی جانوں کی قیمت پر چند سکوں کے عوض فائل کو فائلوں کے ڈھیر میں کہیں چھپا دیا گیا ہے۔
اس سنگین صورتحال پر جھنگ کے سماجی اور عوامی حلقوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایکسپائرڈ ادویات فروخت کرنا ’قتلِ عمد‘ کے مترادف ہے، مگر محکمہ صحت کے اندر بیٹھے سہولت کار ایسے مجرموں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور سی ای او ہیلتھ اس معاملے کا فوری خود نوٹس لیں۔
انکوائری فائل دبانے والے اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔
سویرا فارمیسی کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے تاکہ آئندہ کوئی کسی کی زندگی سے نہ کھیل سکے۔
119










