*جھنگ(جاوید اعوان سے) جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک کی جانب سے یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جائے گا اور سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا* جس میں ضلع بھر سے طلبہ ، اساتذہ ، پروفیسرز ، وکلاء ، صحافی ، انجمن تاجران ، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماء اور شہری شرکت کریں گے اور افواج پاکستان و شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار جھنگ ڈویژن بناؤ تحریک کے مرکزی قائدین نے ایک میٹنگ میں کیا جسکی صدارت مرکزی صدر محمد ریاض شاہد نے کی جبکہ اس موقع پر چیئرمین تحریک علی رحمان انصاری ، جنرل سیکرٹری ملک محمود الحسن ، فنانس سیکرٹری رانا مختار ، ڈپٹی میڈیا کوآرڈینیٹر شاہد چوہدری ، سوشل میڈیا ہیڈ رانا رمضان ، سیکرٹری تعلقات عامہ عرفان حیدر سیال ، یوتھ لیڈر عنصر طلحہ گجر ، زون صدر سٹیلائٹ ٹاون ذیشان حیدر سیال اور سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر شیخ عرفان حیدر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک علی رحمان انصاری نے کہا کہ یومِ دفاع ہر سال 6 ستمبر کو پاکستان میں بطور ایک قومی دن منایا جاتا ھے۔ 6 ستمبر 1965ء کا دن عسکری اعتبار سے تاریخ عالم میں کبھی نہ بھولنے والا قابلِ فخر دن ہے جب ہم سے کئی گنا بڑے ملک بھارت نے افرادی تعداد میں کئی گنا زیادہ لشکر اور دفاعی وسائل کے ساتھ پاکستان پر کسی اعلان کے بغیر رات کے اندھیرے میں بزدلوں کی طرح فوجی حملہ کر دیا۔ اس چھوٹے مگر غیور اور متحد ملک نے اپنے دشمن کے جنگی حملہ کا اس پامردی اور جانثاری سے مقابلہ کیا کہ دشمن کے سارے عزائم خاک میں مل گئے۔ بین الاقوامی سطح پر بھی اسے شرمندگی اٹھانا پڑی۔ 1965ء کی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والی اس جنگ میں ثابت ہوا کہ جنگیں ریاستی عوام اور فوج متحد ہو کر ہی لڑتی اور جیت سکتی ہیں۔ جنرل سیکرٹری تحریک ملک محمود الحسن کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جو سرحدوں پر آہنی چٹان بن کر پاکستان کی حفاظت کر رہے ہیں۔ پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان محفوظ ملک ہے اور دنیا میں واحد ایٹمی طاقت بن کر مسلم امہ میں چاند کی طرح روشن ہے ۔
21