*جھنگ(جاوید اعوان سے)ہنر مند گھریلوں خواتین پاکستان کی معاشی طاقت ہیں ہماری آبادی کی تقریباً 52 فیصدخواتین زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں* ان خیالات کا اظہار معروف سماجی شخصیت اور چیئرمین ایڈوائزری کمیٹی صعنت زار جھنگ مہر محمد آ صف مگھیانہ سیال نے معروف سوشل ایکٹیوسٹ و سینئر صحافی مہر محمد ریاض نول سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی خواتین بھی ہیں جو اپنی ہنر مندی سے دوسروں کے گھروں کی خوب صورتی میں چار چاند لگاتی ہیں لیکن ان کی اپنی زندگی رنگین نہیں ہوتی، جس کی بنیادی وجہ ان کا غیر تعلیم یافتہ ھونا، غربت اور بے بسی ھے۔ ہم ان گھریلو ہنر مند خواتین پر ذرا برابر بھی توجہ نہیں دیتے اسی طرح سلائی کرنے والی خواتین جو کپڑوں پر لیس لگاتی ہیں وہ بھی صرف ماہانہ 1200 سے 1500 تک مزدوری حاصل کر پاتی ہیں۔ ان تمام خواتین پر پورے کنبے کی کفالت کا بوجھ ہوتا ہے اور یہ پیسے ان کے خاندان کے لئے ناکافی ہوتے ہیں۔ کئی خواتین میز پوش، کشن، مکرامے،پراندے اوردستر خوان بھی بناتی ہیں جبکہ دوپٹوں پر گوٹے سے پھول اور ستارے ٹانکتی ہیں۔ خواتین کے لئے قرضے لینا مشکل ہے کیوں کہ بہت سی خواتین کے پاس ضمانت دینے والا کوئی نہیں ہوتا، کئی خواتین کی بینکوں اور متعلقہ اداروں تک رسائی نہیں ہے۔ بہت سی خواتین پڑھی لکھی نہیں ہیں جنہیں مالی معاملات کے معاملے میں آسانی سے بے وقوف بنایا جا سکتا ہے۔ کئی رفاہی ادارے بہت کم اجرت پر خواتین سے کڑھائی سلائی کا کام کروا تے ہیں۔ اس وقت کئی این جی اوز گھریلو ہنرمند خواتین کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کے لیے کام کررہی ہیں۔اس حوالے سے حکومت پنجاب صعنت زار اداروں کے ذریعے بے روزگار گھریلو خواتین کیلئے معمولی فیس کے ذریعے ان کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے ان اداروں میں خواتین کو سلائی کڑھائی،بیوٹیشن،کمپیوٹر کورسز و دیگر کورسز کروا رہی ہے جس سے فارغ التحصیل طالبات اور بے روز گار گھریلو خواتین اس سے مستفید ہوکر مناسب طریقہ سے روزگار کے مواقع پیدا کرسکتی ہیں۔ گھریلو ہنر مند خواتین کی ہاتھ سے بنائی ہوئی اشیاءکی بڑے پیمانے پر مارکیٹنگ بھی ہورہی ہے۔ساتھ ہی کئی باہمت خواتین سلائی کڑھائی کی تربیت بھی فراہم کر رہی ہیں۔مہر آ صف سیال کا یہ بھی کہنا تھا کہ فنی تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے جب تک ہم اپنی خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم نہیں کریں گے تب تک معاشی طور پر خود کفیل نہیں ہو سکتے۔ دنیا کی با وقار اقوام خواتین کو عزت مند روزگار کی ضمانت کے ساتھ انہیں تمام وسائل بھی مہیا کرتی ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کے صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کی خصوصی ہدایت کے مطابق اور ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کی سربراہی میں پنجاب بھر کے صعنت زار(ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم) ادارے بے روزگار خواتین اور طالبات کو سکلز کے ذریعے ہنر مند بنا کر روزگار کے وسائل پیدا کر رھے ہیں جس سے گھریلو خواتین گھر بیٹھے گھریلو صعنت کاری کے ذریعے با عزت روزگار کما رھی ہیں
۔