*جھنگ(جاوید اعوان سے)ایجوکیشن اتھارٹی میں کرپشن کے الزامات: صوبائی وزیر تعلیم سے انکوائری کی استدعا*
*پنجاب ٹیچرز یونین جھنگ کے صدر محمد انور جپہ نے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایجوکیشن اتھارٹی جھنگ اور ان کے ماتحت افسران پر سنگین کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم پنجاب کو ایک تحریری درخواست دی ہے۔ انور جپہ نے وزیر تعلیم کے حالیہ دورہ جھنگ کے موقع پر یہ درخواست پیش کی، جس میں انہوں نے اعلیٰ سطح پر انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔درخواست میں خاص طور پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) ایلیمنٹری مردانہ کے طرزِ عمل اور کرپشن کی نشاندہی کی گئی ہے۔ محمد انور جپہ کے مطابق، ڈی ای او ایلیمنٹری مردانہ نے اپنے دفتر میں ایک ‘الگ میٹنگ روم’ قائم کر رکھا ہے، جسے سارا دن بند کر کے رکھا جاتا ہے اور بظاہر غیر ضروری “میٹنگ میٹنگ” کھیلتا رہتا ہے۔سنگین الزام یہ عائد کیا گیا ہے کہ آڈٹ کے نام پر اساتذہ کرام سے ‘مال اکٹھا’ کیا گیا، جسے مبینہ طور پر آڈٹ پارٹی اور افسران نے آپس میں تقسیم کر لیا۔ اس کے علاوہ، انور جپہ نے نشاندہی کی کہ ڈی ای او ایلیمنٹری مردانہ کے میٹنگ روم میں نام نہاد ٹھیکیدار سارا دن موجود رہتے ہیں اور ڈی ای او کی سربراہی میں ‘گپ شپ، کھانا پینا’ جاری رہتا ہے۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ تمام سرگرمیاں اور کرپشن کے معاملات چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی جھنگ کے علم میں لائے گئے ہیں، تاہم ان کی طرف سے مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ صدر پنجاب ٹیچرز یونین جھنگ کے مطابق، سی ای او کی یہ خاموشی ثابت کرتی ہے کہ کرپشن میں ملوث ان تمام افسران کو ان کی مکمل آشیرباد حاصل ہے*۔
*محمد انور جپہ نے صوبائی وزیر تعلیم سے فوری طور پر ان الزامات کی غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری کروانے کی استدعا کی ہے تاکہ تعلیمی ادارے اور اساتذہ کرام کرپشن کے اس دباؤ سے آزاد ہو سکیں*۔
240







