144

*جھنگ(جاوید اعوان سے)فیمیل ملازم کو ہراساں کرنے کا معاملہ اختتام پذیر؛ ویکسینٹر جہانزیب منیر نے معافی مانگ لی*

*جھنگ(جاوید اعوان سے)فیمیل ملازم کو ہراساں کرنے کا معاملہ اختتام پذیر؛ ویکسینٹر جہانزیب منیر نے معافی مانگ لی*
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تحصیل جھنگ کے دفتر میں تعینات ویکسینٹر جہانزیب منیر کے خلاف ساتھی فیمیل ویکسینٹر عائشہ صدیقہ کو ہراساں کرنے کے الزام کا معاملہ بظاہر اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ جہانزیب منیر کی جانب سے معافی مانگنے اور فیمیل ویکسینٹر عائشہ صدیقہ کے اسے معاف کر دینے پر انکوائری کمیٹی کے سامنے بات ختم ہو گئی ہے۔ تاہم، اس اچانک معافی اور سمجھوتے کے پیچھے سیاسی دباؤ یا پیسے کی چمک کے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، اور عوامی حلقے اس معاملے کی ‘پردہ داری’ پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، فیمیل ویکسینٹر عائشہ صدیقہ نے جہانزیب منیر کے خلاف باقاعدہ درخواست جمع کروائی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ موصوف انہیں ہراساں اور پریشان کرتا ہے۔ اس شکایت پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جھنگ نے ایک تین رکنی انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔مگر غیر متوقع طور پر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی جھنگ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی تشکیل کردہ کمیٹی کو تحلیل کر دیا اور خود سے ایک نئی تین رکنی کمیٹی تشکیل دی۔ اس نئی انکوائری کمیٹی نے فریقین، جہانزیب منیر اور عائشہ صدیقہ، کو 10 دسمبر 2025 کو طلب کیا۔
انکوائری کے روز، عائشہ صدیقہ فیمیل ویکسینٹر نے کمیٹی کے سامنے اپنا لکھ کر بیان جمع کروایا کہ جہانزیب منیر نے ان سے معافی مانگ لی ہے اور انہوں نے اسے معاف کر دیا ہے۔ اس بیان کے بعد ظاہراً یہ معاملہ دفتری سطح پر ختم ہو گیا۔
جہانزیب منیر کے معافی مانگنے کے عمل سے یہ بات تو واضح طور پر ثابت ہوتی ہے کہ اس نے فیمیل ویکسینٹر کو ہراساں کرنے کی حرکت کی تھی اور غالباً انکوائری کے خوف سے معافی مانگی ہے۔
اس واقعے کے بعد، عوامی اور سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی حرکت کرنے والے شخص کو، بالخصوص فیمیل سٹاف کا انچارج (اے ایس وی کی سیٹ) لگانا بالکل مناسب نہیں ہے۔ ذرائع یہ بھی بتا رہے ہیں کہ جہانزیب منیر ایک بہت ہی جونیئر ویکسینٹر ہے اور ایک تگڑی سفارش کی بنا پر اسے اے ایس وی کی کلیدی سیٹ کا چارج دیا گیا ہے۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی جھنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ جہانزیب جونیئر ویکسینٹر کو فوری طور پر اے ایس وی کی سیٹ سے ہٹا کر اس کی اصلی ویکسینٹر کی سیٹ پر تعینات کیا جائے تاکہ فیمیل سٹاف بھی بلا خوف و خطر اور سکون کے ساتھ اپنی نوکری کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں