*جھنگ(جاوید اعوان سے)میڈیا کی نشاندہی پر پیرا فورس کا ایکشن، گراں فروش کو بھاری جرمانہ۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کی ہدایت پر پیرا فورس کا ریاض چوک میں چھاپہ، 10 ہزار روپے جرمانہ عائد*
ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر کی خصوصی ہدایت پر پیرا فورس نے شہر میں گراں فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ میڈیا کی جانب سے سیٹلائٹ ٹاؤن ریاض چوک میں قائم ’خان فروٹ فروش‘ کی جانب سے من مانے نرخوں پر پھلوں کی فروخت اور گراں فروشی کی نشاندہی کی گئی تھی، جس پر انتظامیہ نے فوری ایکشن لیا۔میڈیا رپورٹ پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے انچارج پیرا فورس آفاق کو معاملے کی فوری جانچ پڑتال اور کارروائی کا حکم دیا۔ جس پر انچارج پیرا فورس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ریاض چوک میں مذکورہ فروٹ شاپ پر اچانک چھاپہ مارا۔موقع پر نرخوں کی جانچ پڑتال کے دوران گراں فروشی کے ناقابل تردید ثبوت ملے۔ سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی اور مہنگے داموں پھل بیچنے پر دکاندار کو موقع پر 10,000 روپے جرمانہ کیا گیا۔ انچارج پیرا فورس نے دکاندار کو سخت تنبیہ کی کہ آئندہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق اشیاء فروخت کی جائیں، بصورت دیگر دکان سیل کر دی جائے گی۔
اس فوری اور مؤثر کارروائی پر علاقے کے عوامی و سماجی حلقوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر، انچارج پیرا فورس آفاق اور ان کی پوری ٹیم کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ سماجی رہنماؤں نے میڈیا کے کردار کو بھی سراہا جس کی نشاندہی پر غریب عوام کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
135










