*ٹوبہ ٹیک سنگھ ( جیم الف ناصر )پانچویں ” رشک قمر انٹرنیشنل محفل مشاعرہ”منعقدہ شگن میرج ہال ٹوبہ ٹیک سنگھ*
مقامی شعراء کی تنظیم
بزم وفائے قلم کے تعاون سے پانچویں “رشک قمر انٹر نیشنل محفل مشاعرہ” گزشتہ شام شگن میرج ہال ٹوبہ ٹیک سنگھ کے وسیع وعریض اور خوبصورت ہال میں منعقد ہوئی
یہ محفل مشاعرہ ہر سال امریکا میں مقیم بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعرہ/ دختر ٹوبہ ٹیک سنگھ محترمہ ریحانہ قمر کی آمد پر بڑی دھوم دھام سے سجائی جاتی ہے محترمہ ریحانہ قمر اس خوبصورت اور فکری محفل مشاعرہ کی میزبانی کرتی ہیں جب کہ ڈاکٹر عبد الروف سرپرستی فرماتے ہیں – محترمہ ریحانہ قمر کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ وہ سال کے آخر پر جب بھی اپنی جنم بھومی پر قدم رنجہ فرماتی ہیں تو ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ادبی حلقوں میں ارتعاش پیدا ہو جاتا ہے جس کا اثر سارا سال ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ادبی فضاؤں کو معطر کئے رکھتا ہے – اس بار بھی
محترمہ ریحانہ قمر نےسخت سردی کے موسم میں بڑی پیاری اور خوبصورت محفل سجائی – محفل کا آغاز شام ساڑھے سات بجے قاری احمد فیض گولڑوی کی پیاری پیاری آواز میں تلاوت کلام پاک سے ھوا جب کہ بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول رائے وراثت علی مارتھ نے نچھاور کئے
محفل میں نظامت کے فرائض بہت ہی پیارے ؛ خوش اخلاق اور ملنسار شاعر وقانون دان ساجد علی عاطر نے نہایت خوش اسلوبی سے سر انجام دئیے- موصوف نے اپنی خوبصورت آواز اور پیاری پیاری اداؤں سے محفل کو گرمائے رکھا سامعین کو رات گہری اور دھند پڑنے کا احساس تک نہ ہونے دیا – ان کی کمپیئرنگ کے انداز نے سامعین کو ایک لمحہ کے لئے بھی بوریت کا شکار نہ ھونے دیا
اس بار بھی محفل مشاعرہ کی صدارت معروف دفاعی تجزیہ نگار لیفٹینٹ جنرل ( ر) عبد القیوم نے کی – صاحب تقریب ملک کے معروف شاعر عباس تابش تھے – مہمانان خصوصی میں پاکستان کے نامور شاعر زاہد فخری ؛ صغریٰ صدف ؛ راحت زاہد ؛ نبیل انجم ؛ اعجاز ثاقب ؛ تفسیر عباس بابر ؛ بابر الیاس ؛ خرم آفاق اور اسد عباس شامل تھے – مقامی شعرا فاخر چوہدری ؛ محترمہ شکریہ نجفی ؛ ڈاکٹر عدنان عاصی ؛ عبد المجید کنول ؛ جمیل احساس ؛ سلیم سخی ؛ بابر آشوب ؛ طاہر رفیق ؛ منیر ساکن ؛ قمر سلیم ؛ سلمان علی اور امجد علی اشتر کے نام قابل ذکر ہیں- محفل مشاعرہ کے دوران سامعین نے اپنے اپنے پسندیدہ شعراحضرات کو دل کھول کر داد دی – محفل مشاعرہ میں ہر طبقہ فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی – جب کہ نوجوانوں اور خواتین کی شرکت نے بھی مشاعرہ کی کامیابی پر مہر ثبت کر دی – شعراء حضرات نے اپنے خوبصورت کلام سے محفل کو گرمائے رکھا – محفل مشاعرہ کے اختتام پر شگن میرج ہال میں ” رشک قمر لائبریری ” کا افتتاح بھی کیا گیا – محفل کے اختتام پر سامعین کی اکثریت نے محترمہ ریحانہ قمر اور مہمان شعراء کے ساتھ تصاویر/ سلفیاں بھی بنوائیں – اس موقع پر محترمہ ریحانہ قمر کی طرف سے محفل کے شرکاء کو پُرتکلف کھانا دیا گیا
یہ خوبصورت محفل مشاعرہ رات ساڑھے سات بجے شروع ہوئی اور رات ڈیڑھ بجے ختم ہوئی – محفل کے اختتام پر جب شرکاء محفل نے گھروں کو جانے کے لئے ہال سے باہر نکال کا موسم کا جائزہ لیا تو دھند اس قدر شدید تھی کہ کچھ دکھائی نہ دے رہا تھا – سڑکوں پر ہو کا عالم تھا مگر شرکاء کی اکثریت دھند کو چیرتی ہوئی گاڑیوں / موٹر سائیکلوں پر اپنی اپنی منزل مقصود کی طرف روانہ ہو گئی
200










