*جھنگ(جاوید اعوان سے)گوجرہ موڑ پر ’نگہت ہاسپٹل‘ کی غیر قانونی لیبارٹری سیل، ڈپٹی ڈی ایچ او کا بڑا ایکشن*
جھنگ کے علاقے گوجرہ موڑ پر واقع ’نگہت ہاسپٹل‘ میں محکمہ صحت کی ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قائم کلینیکل لیبارٹری کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DDHO) تحصیل جھنگ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اچانک چھاپہ مار کر لیبارٹری کو فوری طور پر سیل کر دیا اور کیس پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ارسال کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میڈیا پر خبریں سامنے آئی تھیں کہ گوجرہ موڑ کے قریب واقع نگہت ہاسپٹل میں قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ ان خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی ڈی ایچ او تحصیل جھنگ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسپتال کا معائنہ کیا۔ دورانِ معائنہ یہ انکشاف ہوا کہ اسپتال میں ایک کلینیکل لیبارٹری سرعام چلائی جا رہی تھی جسے کوئی ماہر ڈاکٹر یا ٹیکنیشن نہیں بلکہ ایک نان ٹیکنیکل شخص چلا رہا تھا۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق لیبارٹری کے پاس کام کرنے کا کوئی قانونی لائسنس موجود نہ تھا۔
انسانی جانوں سے کھیلتے ہوئے ٹیسٹ کی رپورٹس غیر مستند طریقے سے تیار کی جا رہی تھیں۔طبی عملے کی عدم موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔موقع پر موجود ڈپٹی ڈی ایچ او نے کارروائی کرتے ہوئے لیبارٹری کے حصے کو فوری طور پر سیل کر دیا اور تمام ضروری شواہد اکٹھے کر کے چالان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) لاہور کو بھجوا دیا ہے تاکہ ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
گوجرہ موڑ اور گردونواح کے عوامی و سماجی حلقوں نے محکمہ صحت کی اس بروقت کارروائی کا خیر مقدم کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے ایسے عطائیوں اور غیر قانونی لیبارٹریوں کا قلع قمع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ڈپٹی ڈی ایچ او جھنگ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ضلع بھر میں ایسے دیگر مراکز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔
96










