*جھنگ(جاوید اعوان سے)ڈی ای او ایجوکیشن (ایلیمنٹری) فیمیل کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات کا آغاز*
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری) فیمیل جھنگ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزامات پر محکمہ تعلیم نے شکنجہ کس لیا۔ صوبائی سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب کے حکم پر ڈویژنل ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن لاہور ڈویژن نے انکوائری کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے درخواست دہندہ کو 12 جنوری 2026 کو تمام تر ثبوتوں اور ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جھنگ کے ایک شہری نے صوبائی سیکرٹری تعلیم پنجاب کو تحریری درخواست گزاری تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ:
مذکورہ خاتون آفیسر طویل عرصے سے جھنگ میں مختلف عہدوں پر تعینات چلی آ رہی ہیں۔
دورانِ تعیناتی مبینہ طور پر رشوت اور بدعنوانی کے ذریعے کروڑوں روپے کے اثاثہ جات بنائے گئے۔
الزام لگایا گیا ہے کہ یہ اثاثے براہِ راست اپنے نام رکھنے کے بجائے اپنے قریبی عزیز و اقارب اور شوہر کے نام منتقل کیے گئے ہیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔درخواست پر فوری ایکشن لیتے ہوئے صوبائی سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب نے معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے ڈویژنل ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن لاہور ڈویژن کو بطور انکوائری آفیسر مقرر کیا۔ ڈائریکٹر لاہور ڈویژن نے معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست دہندہ کو نوٹس جاری کر دیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 12 جنوری 2026 کو اپنے بیان قلمبند کرانے کے لیے دستاویزی ثبوتوں کے ہمراہ دفتر میں حاضر ھوں۔
جھنگ کے عوامی اور سماجی حلقوں نے صوبائی سیکریٹری تعلیم پنجاب کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تعلیم جیسے مقدس پیشے میں کرپشن کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انکوائری کے حکم سے سرکاری اداروں میں شفافیت اور احتساب کے عمل پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔
82










