*جھنگ(جاوید اعوان سے)محکمہ صحت جھنگ میں نرسز کی اعلیٰ تعلیم پر این او سی کا معاملہ، محتسب پنجاب کا سخت نوٹس.بدانتظامی ثابت، 30 دن میں مکمل ریکارڈ طلب*
صوبائی محتسب پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جھنگ میں نرسز کی جانب سے محکمانہ اجازت کے بغیر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے متعلق شکایت پر فیصلہ سناتے ہوئے محکمہ کی بدانتظامی کو ثابت قرار دے دیا ہے۔ محتسب پنجاب نے قرار دیا کہ بعض میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹس مبہم، غیر واضح اور غیر سنجیدہ رویے کی عکاس ہیں، جو انتظامی نااہلی کا بین ثبوت ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مختلف سرکاری ہسپتالوں میں تعینات نرسز پوسٹ گریجویٹ و دیگر اعلیٰ تعلیمی کورسز میں محکمانہ این او سی کے بغیر داخل ہیں،حالانکہ سروس رولز کے تحت کسی بھی سرکاری ملازم کے لیے پیشگی اجازت لازم ہے۔
اس ضمن میں ریکارڈ طلب کیے جانے کے باوجود شکایت کنندہ کو معلومات فراہم نہ کی گئیں۔
تحقیقات کے دوران سامنے آیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال 18 ہزاری اور شورکوٹ کی رپورٹس تسلی بخش تھیں، تاہم گورنمنٹ سٹی ہسپتال جھنگ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور سیال کی رپورٹس غیر مربوط، مبہم اور حقائق سے عاری پائی گئیں۔
ایک ہسپتال انتظامیہ نے لاعلمی ظاہر کی جبکہ دوسری جانب نرسز کے این او سی معاملات پر واضح ریکارڈ پیش نہ کیا جا سکا۔
محتسب پنجاب نے اس صورتحال کو صریح بدانتظامی قرار دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جھنگ کو ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ ہسپتالوں میں نرسز کا مکمل اور شفاف ریکارڈ ازسرنو مرتب کیا جائے، جس میں واضح ہو کہ کتنی نرسز اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور آیا انہوں نے محکمانہ منظوری حاصل کی ہے یا نہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو جواب دہ بنانے اور اصلاحی مراسلہ جات جاری کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق محکمہ صحت جھنگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ 30 دن کے اندر اندر کی گئی کاروائی کی تفصیلی تعمیلی رپورٹ دفتر محتسب پنجاب کو ارسال کی جائے، تاکہ سرکاری نظم و ضبط اور سروس رولز کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
152











