104

*جھنگ(جاوید اعوان سے)شدید دھند کے پیشِ نظر ٹریفک ایڈوائزری جاری*

*جھنگ(جاوید اعوان سے)شدید دھند کے پیشِ نظر ٹریفک ایڈوائزری جاری*
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے جمعرات کے روز شدید دھند کے باعث بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے خدشے کے پیشِ نظر ہلکی اور بھاری ٹریفک کے لیے ٹریفک ایڈوائزری اور وارننگ جاری کر دی ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں اور ڈرائیور حضرات کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ڈی پی او نے ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، بالخصوص ٹریکٹر ٹرالیوں، بیل گاڑیوں اور گنے سے لدی دیگر وہیکلز کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر بیک لائٹس اور ریفلیکٹرز کے کسی بھی گاڑی کو، خصوصاً رات کے اوقات اور شدید دھند میں، سڑک پر آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ڈرائیورز کو دھند کے دوران لو بیم لائٹس کے استعمال سے گریز اور فوگ لائٹس و ریفلیکٹو اشاروں کے درست استعمال سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او نے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز اور پولیس چوکیوں کے انچارجز کو بھی ہدایت کی کہ گنے کے وزن کرنے والے کانٹوں کے مالکان کو پابند کیا جائے کہ دھند کے دوران غیر ضروری ٹریفک کی آمد و رفت کو روکا جائے۔ڈی پی او بلال افتخار کیانی نے زور دیا کہ گنے اور دیگر اجناس کی ترسیل دن کے اوقات تک محدود رکھی جائے، جبکہ شدید دھند کی صورت میں گاڑیوں کو مقررہ لائنوں میں پارک کیا جائے اور ان کی انڈیکیٹنگ لائٹس آن رکھی جائیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دھند کی صورتحال کے باعث سڑک حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے پیشِ نظر شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، آہستہ رفتار اختیار کریں اور ریفلیکٹر لائٹس کا مسلسل استعمال یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں