*جھنگ(جاوید اعوان سے)ڈی ای او (ایلیمنٹری فیمیل) کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کی درخواست پر ایکشن*
*سیکریٹری ایجوکیشن پنجاب کا فوری انکوائری کا حکم، ڈائریکٹر لاہور ڈویژن انکوائری آفیسر مقرر*، *فریقین 22 دسمبر کو طلب*
صوبائی سیکریٹری ایجوکیشن پنجاب نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری فیمیل) جھنگ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور طویل عرصے تک ایک ہی ضلع میں تعیناتی کے حوالے سے شہری کی درخواست پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔درخواست کے اہم مندرجات
جھنگ کے ایک شہری کی جانب سے سیکریٹری ایجوکیشن کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ:
موجودہ ڈی ای او (ایلیمنٹری فیمیل) جھنگ عرصہ دراز سے ضلع جھنگ کے مختلف عہدوں، بشمول ڈپٹی ڈی ای او تحصیل جھنگ، پر تعینات رہی ہیں۔
الزام لگایا گیا ہے کہ ترقی پانے کے بعد بھی مبینہ سیاسی دباؤ یا دیگر ذرائع (چمک) کے باعث انہوں نے اپنی تعیناتی دوبارہ ضلع جھنگ میں ہی برقرار رکھی۔ درخواست گزار کے مطابق موصوفہ نے اپنی تعیناتی کے دوران مبینہ طور پر اپنی آمدن سے کہیں زیادہ جائیدادیں بنائی ہیں، جن کی تحقیقات ضروری ہیں۔درخواست پر فوری ایکشن لیتے ہوئے سیکریٹری ایجوکیشن پنجاب نے ڈویژنل ڈائریکٹر (ایس-ای) لاہور ڈویژن کو باقاعدہ انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے۔ انکوائری آفیسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام الزامات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کریں۔
انکوائری آفیسر نے معاملے کی سماعت کے لیے 22 دسمبر 2025 کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ اس سلسلے میں فریقین کو تمام متعلقہ ریکارڈ اور دستاویزی ثبوتوں کے ہمراہ لاہور دفتر میں طلب کیا گیا ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس انکوائری کے حکم کے بعد محکمہ تعلیم جھنگ کے حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ شہری حلقوں نے سیکریٹری ایجوکیشن کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
83










