*جھنگ(جاوید اعوان سے)۔یونین کونسل پاکھرہ سلطان: سرکاری دفتر پرائیویٹ کارندوں کے رحم و کرم پر، سیکریٹری غائب*
تحصیل جھنگ کی یونین کونسل نمبر 4 (پاکھرہ سلطان) لاوارث ہوگئی، سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے تعینات سیکریٹری کی مبینہ آشیرباد سے دفتر پر پرائیویٹ گروہ کا قبضہ۔ دور دراز سے آنے والے سائلین کو سرکاری ملازمین کے بجائے غیر متعلقہ اشخاص “ڈیل” کرنے لگے۔ ڈپٹی کمشنر جھنگ اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔
جعلی سیکریٹریوں کا راج، بھتہ خوری عروج پر
ذرائع کے مطابق یونین کونسل پاکھرہ سلطان میں قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ سیکریٹری یونین کونسل ہفتے میں صرف ایک دن “حاضری” لگانے اور مبینہ طور پر اپنا حصہ وصول کرنے آتے ہیں، جبکہ باقی دن دفتر کا کنٹرول اورنگزیب نامی ایک پرائیویٹ شخص کے پاس ہوتا ہے۔ مذکورہ شخص کبھی خود کو سیکریٹری، کبھی درجہ چہارم کا ملازم اور کبھی کسی بااثر سیاستدان کا نمائندہ ظاہر کرکے سادہ لوح شہریوں کو لوٹ رہا ہے۔
ویڈیو ثبوت منظرِ عام پر
معاملہ اس وقت مزید سنگین ہو گیا جب مذکورہ پرائیویٹ کارندے کی سرکاری کرسی پر بیٹھ کر کام کرنے اور سائلین سے ایک ہزار روپے بطور “بھتہ/خرچہ” وصول کرنے کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی۔ ادارے نے اس حوالے سے ٹھوس شواہد حاصل کر لیے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب موقف لینے کے لیے اورنگزیب سے رابطہ کیا گیا تو اس نے دفتر سے کسی بھی تعلق کی تردید کی، جبکہ ویڈیو میں وہ سرکاری ریکارڈ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتا اور پیسے بٹورتا صاف نظر آ رہا ہے۔
عوامی حلقوں کا شدید احتجاج۔عوامی اور سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری دفاتر کو پرائیویٹ ٹھیکیداروں کے حوالے کرنا غریب عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل کے ریکارڈ کا فوری آڈٹ کیا جائے۔
غیر متعلقہ افراد کو دفتر سے نکال کر ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔
فرائض میں غفلت برتنے والے سیکریٹری کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
75










