*اٹھارہ ہزاری (جاوید اعوان سے)تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹھارہ ہزاری میں انتظامی تبدیلی: ایم ایس ناقص کارکردگی پر فارغ*
ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد یونس منیر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹھارہ ہزاری کا ہنگامی دورہ کیا۔ دورے کے دوران ہسپتال کے انتظامی امور اور طبی سہولیات کی فراہمی میں سنگین کوتاہیاں سامنے آنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر رانا مدثر علی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔پرفارمنس آڈٹ کا حکم جاری ۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے رانا مدثر علی کی بطور میڈیکل سپرنٹینڈنٹ تعیناتی کے پورے دورانیے کا پرفارمنس آڈٹ کروانے کا بھی حکم دے دیا ہے۔ اس آڈٹ کے ذریعے ہسپتال کے فنڈز کے استعمال، ادویات کی فراہمی اور انتظامی نظم و ضبط کی جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ ناقص کارکردگی کے اصل محرکات سامنے آ سکیں۔
ہسپتال کے انتظامی معاملات کو فوری طور پر سنبھالنے کے لیے ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ سینٹر گڑھ مہاراجہ کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ذکا مہدی کو میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ٹی ایچ کیو اٹھارہ ہزاری کا اضافی چارج تفویض کر دیا ہے۔ ڈاکٹر ذکا مہدی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر چارج سنبھال کر ہسپتال کے حالات کو بہتر بنائیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جھنگ کا کہنا تھا کہ:
یہ فیصلہ تحصیل اٹھارہ ہزاری کی عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں فرائض سے غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کو علاج معالجے میں دشواری پیش آئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد یونس منیر نے بھی واضح کیا کہ ضلع بھر کے تمام طبی مراکز کی مانیٹرنگ مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ حکومت پنجاب کے ہیلتھ ویژن کے مطابق عوام کو دہلیز پر بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔
209










