جھنگ(جاوید اعوان سے) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈی پی او ملک طارق محبوب نے شہریوں کی شکایات کے حل کیلئے تھانہ کوٹ شاکر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ڈی پی او کے ہمراہ ڈی ایس پی اٹھارہ ہزاری واجد علی، ایس ایچ او تھانہ کوٹ شاکر نور خان، ریڈر ٹو ڈی پی او عملدار حسین، پی آر او محمد عون رضا، انچارج شکایت سیل اسد علی، پولیس افسران اور شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ ڈی پی او جھنگ نے کھلی کچہری میں پیش کی گئی شکایات کے فوری حل اور اس ضمن میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری سے شہریوں کی شکایات و مسائل کا حل اور متاثرین کی فوری داد رسی کی جا رہی ہے تاکہ بغیر سفارش کے انصاف تک آسان رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہری پولیس کے رویے اور تفتیش کے بارے اپنی شکایات بیان کر سکتے ہیں تاکہ شکایات کا فوری ازالہ کر کے شہریوں کا اعتماد اور تعاون حاصل کیا جا سکے۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں روزانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں شہری بغیر کسی سفارش کے اپنے مسائل کے حل کیلئے پیش ہو سکتے ہیں۔ جرائم کی روک تھام کیلئے تھانہ جات کی نفری میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔ کسی بھی جرائم کی صورت میں مقدمات کا بروقت اندراج کیا جا ئے گا اور تفتیش کے معیار میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ شہریوں کو انصاف اور تحفظ کی فراہمی اور قانون کے یکساں نفاذ سے معاشرے کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے، اس مقصد کے تحت کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ ڈی پی او نے تھانہ کوٹ شاکر اور تھانہ مسن کی فارمل انسپکشن بھی کی، تھانہ کے ریکارڈ کی چانچ پڑتال، فرنٹ ڈیسک، حوالات اور تھانہ کی بلڈنگ کا جائزہ لیا اور احکامات جاری کئے۔

