*جھنگ(جاوید اعوان سے) ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے بنیادی مرکز صحت کوٹ لکھنانہ کاتفصیلی دورہ کیا* انہوں نے مرکز صحت میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے عملہ کی حاضری سمیت صفائی ستھرائی کا بھی جائزہ لیااور ادویات کے سٹاک کو بھی چیک کیا گیا۔ڈاکٹرز کو تمام انتظامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے علاج کے لئے آئے ہوئے مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج معالجہ اور طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پرانہیں مرکز صحت کے انتظامی وطبی امور سے آگاہ کیاگیا۔ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے ہدایات جاری کیں کہ بنیادی مرکز صحت کوٹ لکھنانہ سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جا رہا ہے۔ مرکز صحت کی عمارت کی تزئین و آرائش کےلئے تمام میسر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوںنے مریضوں کےلئے پینے کے صاف پانی کی دستیابی، بیٹھنے کےلئے بنچزکا بندوبست اور دستیاب جگہ پر بھرپور شجر کاری کرنے کے بھی احکامات جاری کئے۔ دریں اثنا ءڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے یونین کونسل کوٹ لکھنانہ کا بھی دورہ کیا اوریو سی میں صفائی ستھرائی کے موثراقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوںنے ہدایت کی کہ پیدائش و اموات کے اندارج و دیگر امورکے سلسلہ میں آنے والے علاقہ مکینوں کے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے لائیوسٹاک آفس کوٹ لکھنانہ کا بھی معائنہ کیا اورڈیوٹی سٹاف کی حاضری اور آفس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے لائیو سٹاک آفس میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں ۔ ڈپٹی کمشنرنے لائیو سٹاک آفس کے لان میں دستیاب جگہوں پر شجر کاری کے تحت پودے لگانے کے بھی احکامات جاری کئے۔ مزید برآں ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے صفائی ستھرائی امور کا جائزہ لینے کےلئے مختلف چکوک کا دورہ کیا اور علاقہ مکینوں سے ملاقات کی۔
51