*جھنگ(جاوید اعوان سے) ممبر پنجاب اسمبلی بیگم عابدہ بشیر نے یونیورسٹی آف جهنگ آرٹس اینڈ ڈیزائننگ ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران بیگم عابدہ بشیر نے طالبات سے بات چیت کی، آرٹ اور ڈیزائن کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا* *انہوں نے طلباء میں تخلیقی صلاحیتوں اور اختراعات کو فروغ دینے میں یونیورسٹی آف جھنگ کی کوششوں کی تعریف کی۔ بیگم عابدہ بشیر نے میڈم رمزہ سكندر ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آرٹس اینڈ ڈیزائننگ یونیورسٹی آف جهنگ کے ہمراہ آرٹس اینڈ ڈیزائننگ کی طالبات کی تھیسز ڈسپلے تقریب میں شرکت کی۔ محترمہ عابدہ بشیر نے طالبات کی طرف سے تیار كرده ڈسپلے کو بہت سراہا اور کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ آرٹ اور ڈیزائن سماجی مسائل کو حل کرنے اور مثبت تبدیلی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا کھل کر اظہار کیا کہ جهنگ کی بچیوں کے اس ٹیلنٹ کو ضائع نہیں ہونے دوں گی۔اس موقع پر ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈ کی طرف سے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے لئے ایک الگ ڈسپلے سنٹر کے مطالبہ پر بیگم عابدہ بشیر نے بھرپور یقین دہانی کروائی جس پر طالبات کی طرف سے بھرپور خوشی کا اظہار کیا گیا ۔ میڈم رمزہ سكندر ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آرٹس اینڈ ڈیزائننگ یونیورسٹی آف جهنگ نے دورے کے لیے ممبر پنجاب اسمبلی بیگم عابدہ بشیر کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں تعاون کے لیے جوش و خروش کا اظہار کیا*
