*جھنگ(جاوید اعوان سے)تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شور کوٹ میں ادویات کا فقدان، سیکورٹی گارڈز کی بدتمیزی اور مبینہ ‘بھتہ خوری*’
*تحصیل ہیڈکوارٹر (THQ) ہسپتال شور کوٹ سنگین مسائل کی لپیٹ میں ہے، یہاں ایک طرف ادویات کی شدید قلت ہے تو دوسری طرف ہسپتال کے سیکورٹی گارڈز پر مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے بدتمیزی، مار پیٹ، اور مبینہ ‘بھتہ خوری’ کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں*۔
*مریضوں اور مقامی ذرائع کے مطابق، ہسپتال کے اندرونی اور بیرونی شعبوں میں ضروری ادویات کی کمی ایک مستقل مسئلہ بن چکی ہے، جس کی وجہ سے غریب مریضوں کو ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوائیں باہر کی مہنگی دکانوں سے خریدنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے*۔
*اس سے بھی زیادہ پریشان کن صورتحال ہسپتال کے سیکورٹی عملے کی ہے۔ متعدد افراد نے شکایت کی ہے کہ ڈیوٹی پر موجود گارڈز مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے افراد کے ساتھ نہ صرف غیر اخلاقی رویہ اختیار کرتے ہیں بلکہ معمولی باتوں پر جھگڑا اور ہاتھا پائی بھی معمول بن چکا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ ان پر ہسپتال کے بعض حصوں میں داخلے یا سہولیات کی فراہمی کے نام پر رقم (بھتہ) طلب کرنے کی بھی اطلاعات ہیں*۔
*عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نہ صرف ہسپتال میں ادویات کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنایا جائے بلکہ بدتمیزی اور بھتہ خوری میں ملوث سیکورٹی گارڈز کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو سرکاری سطح پر صحت کی بنیادی سہولیات باوقار طریقے سے میسر آ سکیں*۔
201







