*جھنگ(جاوید اعوان سے)۔مقامی اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی تعیناتی قواعد کی خلاف ورزی؟ جھنگ کے شہری سراپا احتجاج، اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ*
*جھنگ میں لوکل گورنمنٹ کے معاملات پر تعینات ایک اہم افسر کی آبائی ضلع میں تعیناتی پر شدید عوامی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، کیونکہ یہ تعیناتی سرکاری قوائد و ضوابط کی مبینہ خلاف ورزی ہے*۔
*تفصیلات کے مطابق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ جو کہ جھنگ کے ہی رہائشی ہیں، نہ صرف اپنے آبائی ضلع میں تعینات ہیں بلکہ مبینہ طور پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کا اضافی چارج بھی سنبھالے ہوئے ہیں*۔
*عام تاثر یہ ہے کہ سروس رولز کے تحت کسی بھی افسر کا اپنے آبائی ضلع میں اہم انتظامی عہدے پر تعینات ہونا شفافیت اور غیر جانبداری کے اصولوں کے خلاف ہے، تاکہ مفادات کا ٹکراؤ نہ ہو اور سرکاری امور میرٹ پر چلائے جا سکیں*۔
*شہری حلقوں نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تعیناتی واضح طور پر قواعد کی خلاف ورزی ہے اور اس سے لوکل گورنمنٹ کے کاموں میں غیر ضروری اثر و رسوخ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ عوام نے اعلیٰ انتظامیہ اور متعلقہ* *صوبائی حکام سے فوری طور پر اس تعیناتی کا نوٹس لینے اور قواعد کے مطابق افسر کا تبادلہ کرنے کا بھرپور مطالبہ کیا ہے*۔
*عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ “سونے پر سہاگا” یہ ہے کہ ایک ہی افسر کو اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے، جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مقامی سطح پر مبینہ طور پر پسند و ناپسند کی پالیسی چل رہی ہے*۔
*مقامی شہریوں نے زور دیا ہے کہ اگر اس غیر قانونی تعیناتی کا فوری نوٹس نہ لیا گیا تو وہ اپنے جائز مطالبات کے حق میں احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے*۔
195







