134

*جھنگ(جاوید اعوان سے)نوجوان کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کرنیوالا ایک ملزم گرفتار، باقی ملزمان فرار، مدعی کا تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ*

*جھنگ(جاوید اعوان سے)نوجوان کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کرنیوالا ایک ملزم گرفتار، باقی ملزمان فرار، مدعی کا تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ*
*پولیس تھانہ قادر پورجھنگ کے علاقہ موضع دھوری والا میں موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کرکے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتارنے کے مقدمہ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ باقی ملزمان تاحال فرار ہیں۔ مدعی مقدمہ محمدامجدبھٹی نے پولیس سے باقی تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ گرفتار ملزم انتظار خان کا کہنا ہے کہ چونکہ مقتول ارسلان امجدنے ان کے قریبی عزیز علی رضا ولد غلام رضا کے ساتھ بدفعلی کی تھی لہٰذا اس نے طیش میں آکر اپنے ساتھیوں ہمایوں سعیداورشاہ زیب کے ہمراہ اپنے دیگر ساتھیوں عابد خان، شفیع گوپال،قاسم خان کی مشاورت سے اسے قتل کیا ہے۔مدعی مقدمہ محمدامجدبھٹی ولد احمد سکنہ قمر آباد کالونی موضع عاقل پور تحصیل و ضلع جھنگ کی جانب سے پولیس تھانہ قادر پور ضلع جھنگ میں درج کرائے گئے مقدمہ نمبر793/25 زیر دفعہ 302 ت پ، 34 ت پ میں مؤقف اختیار کیاگیا تھاکہ وہ زمیندارہ کرتا ہے اور گزشتہ روز صبح ساڑھے 8 بجے اپنے بیٹے ارسلان امجد، برادرم محمد ارشد اورچچا زادغلام رضا ولد محمد بخش اقوام بھٹی سکنہ دیہہ کے ہمراہ اپنے رقبہ سے چارہ کاٹنے کے بعد بسواری گدھا ریڑھی اپنے گھر واپس جارہے تھے کہ جب وہ دربار پیر محمد شاہ واقع موضع دھوری والا کے قریب پہنچے تو پیچھے سے اچانک ایک بغیر نمبر پلیٹ ہونڈا 125 موٹر سائیکل پر سوار تین نقاب پوش مسلح ملزمان جنہیں سامنے آنے پر شناخت کیا جاسکتا ہے وہاں آئے اور للکارا مارا کہ آج ارسلان امجد زندہ بچ کر نہ جائے۔ یہ سنتے ہی ارسلان امجد نے ریڑھی سے اتر کر بھاگنا شروع کردیا جس پر موٹرسائیکل سواروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ ملزمان کی فائرنگ سے ارسلان امجد کو ایک فائر کمر پربائیں جانب،ایک فائر دائیں ٹانگ پر پیچھے کی جانب اور دو فائر بائیں پٹ پر پیچھے کی جانب لگے جس سے ارسلان امجد شدید زخمی ہوکر گر پڑا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ بعدازاں ملزم اسلحہ لہراتے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دریں اثنا پولیس نے مختلف خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے ایک ملزم انتظار خان کو گرفتار کرلیا ہے جس نے تمام تفصیلات پولیس کو بتادی ہیں۔مدعی مقدمہ محمدامجدبھٹی نے اعلیٰ پولیس افسران سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے*۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں