*جھنگ(جاوید اعوان سے)لٹریسی ڈیپارٹمنٹ جھنگ کے گزشتہ تین سالوں کے تفصیلی آڈٹ کا مطالبہ*
*جھنگ کے عوامی اور سماجی حلقوں نے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ جھنگ کے گزشتہ تین سالوں کے مالی اور انتظامی امور کا تفصیلی آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ محکمہ میں مبینہ بے ضابطگیوں اور فنڈز کے غیر شفاف استعمال کے حوالے سے پائی جانے والی تشویش کو دور کیا جا سکے*۔
*ذرائع کے مطابق محکمہ لٹریسی کے تحت چلنے والے مختلف تعلیمی منصوبوں، لٹریسی سینٹرز کے فعال ہونے، اساتذہ کی حاضری، افسران کی طرف سے بغیر کرایہ رہائشی کمروں کے استعمال اور تعلیمی مواد کی فراہمی کے حوالے سے سنگین شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ عوامی حلقوں نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ بعض لٹریسی سینٹرز صرف کاغذوں میں فعال ہیں اور زمین پر ان کی کوئی کارکردگی نظر نہیں آتی.شہریوں نے اپنے مطالبے میں کہا ہے کہ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کا بنیادی مقصد علاقہ کے بچوں اور بالغ ناخواندہ شہریوں کو تعلیم کی فراہمی ہے، اور فنڈز یا وسائل کے استعمال میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کا براہِ راست نقصان عام عوام اور تعلیم کے عمل کو پہنچے گا*۔
*ان حلقوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک آزاد اور غیر جانبدار آڈٹ ٹیم تشکیل دی جائے جو لٹریسی ڈیپارٹمنٹ جھنگ کے مکمل مالی اور انتظامی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرے، اور اگر آڈٹ کے دوران کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا بے ضابطگی ثابت ہو تو ذمہ دار عملے کے خلاف سخت اور شفاف کارروائی کی جائے*۔
*عوامی نمائندوں کا کہنا ہے کہ ایک شفاف آڈٹ نہ صرف محکمہ لٹریسی کی کارکردگی کو بہتر بنائے گا بلکہ حقیقی تعلیم دوست اقدامات کو بھی سامنے لائے گا، جس سے علاقہ کے تعلیمی حالات میں واضح بہتری آئے گی*۔
159







