*جھنگ(جاوید اعوان سے)تاریخی جیٹانہ قبرستان پر “قبضہ مافیا” کی یلغار! وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی توجہ کی اشد ضرورت*
*وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے سرکاری زمینوں کو واگزار کروانے کے تاریخی حکم کے بعد، اب جھنگ کی عوام نے بھی ایک سنگین مسئلے کی جانب ان کی توجہ مبذول کروانے کی اپیل کی ہے۔ شہر کا صدیوں پرانا اور تاریخی جیٹانہ قبرستان (Jattiana Graveyard) اس وقت “قبضہ مافیا” کی لپیٹ میں ہے، جہاں مردوں کی ابدی آرام گاہ کو بھی نہیں بخشا گیا۔ مردہ خانے پر زندہ مافیا کا قبضہ!*
*ذرائع کے مطابق، عرصہ دراز سے ایک بااثر اور بے خوف مافیا نے جیٹانہ قبرستان کی وسیع سرکاری اراضی پر چادر تان رکھی ہے۔ یہ قبضہ مافیا نہ صرف اس مقدس زمین کو ہڑپ کر چکا ہے، بلکہ دن دیہاڑے یہاں عالیشان پلازے اور شاندار کوٹھیاں تعمیر کر لی گئی ہیں۔ صورتحال اس قدر گھمبیر ہے کہ قبرستان کا ایک بڑا حصہ اب نجی جائیداد کا منظر پیش کر رہا ہے، جس سے مقامی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔”ہم وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فیصل آباد کے کمشنر اور جھنگ کے ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر ہدایت جاری کریں کہ وہ اس روح فرسا تجاوزات کا نوٹس لیں۔ کیا اب میتوں کو دفنانے کے لیے بھی جگہ باقی نہیں رہے گی؟”*
*وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ وہ سرکاری زمینوں سے تمام تجاوزات کو فوری طور پر ختم کریں۔ جھنگ کے جیٹانہ قبرستان پر ہونے والا یہ بڑا قبضہ اب مقامی انتظامیہ کے لیے ایک بڑا امتحان بن چکا ہے*۔ *دیکھنا یہ ہے کہ کیا جھنگ کی انتظامیہ اس طاقتور مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کی جرأت دکھاتی ہے یا پھر یہ ناجائز قبضے یونہی قائم رہتے ہیں*۔
*جھنگ کی عوام نے پختہ یقین کا اظہار کیا ہے کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت اس حساس مسئلے پر فوری ایکشن لے گی اور آباؤ اجداد کی حرمت کو بحال کروائے گی*۔
211










