385

*جھنگ(جاوید اعوان سے)اتائیت کے خاتمے کے لیے سی ای او ہیلتھ آفس* *میں “اینٹی اتائی سیل” قائم.ڈاکٹر میاں احسن سلیانہ ضلعی فوکل پرسن مقرر، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر گرینڈ آپریشن کا فیصلہ*

*جھنگ(جاوید اعوان سے)اتائیت کے خاتمے کے لیے سی ای او ہیلتھ آفس* *میں “اینٹی اتائی سیل” قائم.ڈاکٹر میاں احسن سلیانہ ضلعی فوکل پرسن مقرر، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر گرینڈ آپریشن کا فیصلہ*
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “صحت مند پنجاب” ویژن کی تکمیل اور ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر کے خصوصی احکامات کی روشنی میں محکمہ صحت جھنگ نے عطائیت کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ اتھارٹی جھنگ ڈاکٹر یونس منیر نے سی ای او آفس میں باقاعدہ “اینٹی اتائی سیل” تشکیل دے دیا ہے۔
تجربہ کار افسر کی تعیناتی
نئے قائم کردہ سیل کی نگرانی اور بہتر کوآرڈینیشن کے لیے سابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO) اور سابق ایم ایس سٹی ہسپتال ڈاکٹر میاں احسن سلیانہ کو ضلعی فوکل پرسن تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر میاں احسن سلیانہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور انتظامی تجربے کی بنیاد پر ضلع بھر میں اتائیت کے خلاف مہم کی قیادت کریں گے۔
آپریشن کا طریقہ کار
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ سیل ضلع جھنگ کی چاروں تحصیلوں (جھنگ، شورکوٹ، احمد پور سیال، اور 18 ہزاری) میں غیر قانونی کلینکس اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے اتائیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنائے گا۔
تمام تحصیلوں کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (DDHOs) اپنے متعلقہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر چھاپے ماریں گے۔
اتائیوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں، کلینکس کی سیلنگ اور درج کیے جانے والے مقدمات کی تفصیلی رپورٹ فوکل پرسن ڈاکٹر میاں احسن سلیانہ کو پیش کی جائیں گی۔
فوکل پرسن تمام رپورٹس کو یکجا کر کے سی ای او ہیلتھ اور ضلعی انتظامیہ کو مانیٹرنگ کے لیے فراہم کریں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر یونس منیر نے کہا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات واضح ہیں کہ پنجاب کو اتائیت سے پاک کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “اینٹی اتائی سیل” کے قیام سے مانیٹرنگ کا عمل شفاف ہوگا اور غیر قانونی پریکٹس کرنے والوں کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔نو منتخب فوکل پرسن ڈاکٹر میاں احسن سلیانہ نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ سونپی گئی ذمہ داری کو پوری دیانتداری سے نبھائیں گے اور ضلع کے چپے چپے سے اتائیوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں