*جھنگ(جاوید اعوان سے)پولیس خدمت مرکز کے سینیئر اسٹیشن اسسٹنٹ چوہدری محمد سہیل کی بہترین کارکردگی، تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا*
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) جھنگ نے پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بہترین خدمات سرانجام دینے والے افسران کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر فرنٹ ڈیسک پر تعینات سینیئر اسٹیشن اسسٹنٹ (SSA) چوہدری محمد سہیل کو سال 2025 کے دوران انتہائی جانفشانی، دیانتداری اور عوامی شکایات کے فوری ازالے میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر کلاس تھری (C-III) تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔
تفصیلات کے مطابق
چوہدری محمد سہیل نے گزشتہ سال کے دوران فرنٹ ڈیسک آفیسر کے طور پر نہ صرف سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی روایت کو برقرار رکھا بلکہ آئی ٹی سسٹم کے ذریعے ریکارڈ کی بروقت درستی اور پولیس خدمت مرکز میں آنے والے شہریوں کی بھرپور رہنمائی کی۔ ان کی اسی پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی پی او جھنگ نے انہیں خصوصی تعریفی سند عطا کی۔
اس موقع پر ڈی پی او جھنگ کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں جزا و سزا کا عمل جاری ہے۔ جو افسران اور اہلکار عوام کی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہیں وہ محکمے کا فخر ہیں۔ چوہدری محمد سہیل جیسے محنتی نوجوان دیگر ملازمین کے لیے بھی مشعلِ راہ ہیں۔چوہدری محمد سہیل کو یہ اعزاز ملنے پر ان کے ساتھیوں، عزیز و اقارب اور عوامی حلقوں نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
117










