135

*جھنگ(جاوید اعوان سے)ڈسپوزل ہرمل پور تا کھولڑہ روڈ خستہ حالی کا شکار، شہریوں اور کسانوں کو شدید مشکلات*

*جھنگ(جاوید اعوان سے)ڈسپوزل ہرمل پور تا کھولڑہ روڈ خستہ حالی کا شکار، شہریوں اور کسانوں کو شدید مشکلات*
*ڈسپوزل ہرمل پور سے کھولڑہ روڈ اس وقت انتہائی ناگفتہ بہ حالت اختیار کر چکی ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں، کسانوں اور راہگیروں کو روزمرہ آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، گہرے گڑھے پڑ چکے ہیں جبکہ کئی مقامات پر سڑک اتنی تنگ ہو چکی ہے کہ دو گاڑیوں کا گزرنا بھی مشکل ہو گیا ہے*۔
*ذرائع کے مطابق مذکورہ سڑک کے اطراف گنجان آبادی کے ساتھ وسیع زرعی رقبہ موجود ہے، جہاں سے روزانہ موٹر سائیکلیں، ٹریکٹر ٹرالیاں اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیاں گزرتی ہیں۔ خراب سڑک کی وجہ سے نہ صرف حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے بلکہ زرعی اجناس کی منڈیوں تک بروقت ترسیل بھی متاثر ہو رہی ہے، جس سے کسانوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے*۔
*علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال کے دوران یہ سڑک بار بار ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہے، مگر ہر بار عارضی مرمت کر کے معاملہ ٹال دیا جاتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی ازسرِنو تعمیر کے ساتھ ساتھ اسے مناسب حد تک کشادہ کیا جائے اور سیلابی پانی سے بچاؤ کے لیے پائیدار متبادل حل اختیار کیا جائے تاکہ مستقبل میں یہ مسئلہ دوبارہ جنم نہ لے*۔
*عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ، محکمہ ہائی وے اور سی اینڈ ڈبلیو سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسپوزل ہرمل پور تا کھولڑہ روڈ کی فوری بنیادوں پر تعمیر و توسیع کا کام شروع کروایا جائے تاکہ عوام اور کسانوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے*۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں