*اٹھارہ ہزاری(جاوید اعوان سے)یومِ یک جہتی کشمیر کے موقع پر تحصیل پریس کلب اٹھارہ ہزاری اور مختلف سماجی، سیاسی اور عوامی نمائندہ شخصیات کے زیرِ اہتمام یک جہتی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا*۔ *ریلی میں صحافی برادری، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یک جہتی کیا۔تفصیلات کے مطابق یومِ یک جہتی کشمیر کے موقع پر تحصیل پریس کلب اٹھارہ ہزاری کی جانب سے یک جہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس میں صحافیوں کے علاوہ مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی سماجی شخصیات اور شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ ریلی کی قیادت تحصیل پریس کلب کے صدر محمد عمران سیال اور معروف سماجی شخصیت محمد اویس چیلہ نے کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیر سے متعلق بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر ہمارے دلوں میں بستا ہے اور بھارتی مظالم نامنظور جیسے نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج اور مودی سرکار کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ریلی تحصیل پریس کلب آفس سے شروع ہو کر چوک اٹھارہ ہزاری میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لے*۔
*ریلی کے اختتام پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جدوجہد آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کی آزادی تک اس طرح کی آواز بلند کی جاتی رہے گی*۔
*ریلی کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے*۔
92











