45

جھنگ (بیورو رپورٹ ) ڈپٹی کمشنر جھنگ عبداللہ خرم نیازی نے مبینہ بد عنوانیوں ، بے ضابطگیوں اوراختیارات سے تجاوز کرنے کی شکایات پر سابق ای ڈی او ایجوکیشن اور گورنمنٹ جامع ماڈل ہائی سکول کے پرنسپل لیاقت علی ناصر کے خلاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سے دس روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے

جھنگ (بیورو رپورٹ ) ڈپٹی کمشنر جھنگ عبداللہ خرم نیازی نے مبینہ بد عنوانیوں ، بے ضابطگیوں اوراختیارات سے تجاوز کرنے کی شکایات پر سابق ای ڈی او ایجوکیشن اور گورنمنٹ جامع ماڈل ہائی سکول کے پرنسپل لیاقت علی ناصر کے خلاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سے دس روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جامع ماڈل ہائی سکول کی سکول کونسل کے ایک ممبر سکندر حیات نے ڈپٹی کمشنر جھنگ کو تحریری درخواست دی جس میں انکشاف کیا گیا کہ مذکورہ پرنسپل نے سکول کونسل کے فنڈز کی مبینہ خرد برد کرنے کے لئے فرضی ناموں سے سکول کونسل بنائی جس میں ایک ایسا ممبر بھی ظاہر کیا گیا جو چار سال قبل فوت ہو چکا تھا۔ درخواست کے مطابق گزشتہ تین سالوں سے سکول کونسل کا کوئی اجلاس ہی منعقد نہیں کیا گیا اور مبینہ طور پر سکول کونسل کے زندہ اور مردہ ممبران کے جعلی دستخط کر کے سکول کونسل کے فنڈز سے لاکھوں روپے نکلوائے ۔ مذکورہ پرنسپل نے محکمہ کی اجازت کے بغیر اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے سکول کے پرائمری حصہ کی عمارت گرا کر اس کا لاکھوں روپے مالیت کا ملبہ بھی خردبرد کر لیا ۔ سکول کے بجلی اور گیس کے 14لاکھ روپے کے بل دو مختلف اکاﺅنٹس سے نکلوا کر خزانے کو نقصان پہنچایا۔ سکول میں پرنسپل کے لئے بنائی گئی رہائش گاہ کو استعمال کرنے کے باوجود محکمہ سے ہاﺅس رینٹ بھی وصول کرکے گزشتہ کئی سالوں کے دوران خزانے کو لاکھوں روپے کا ٹیکہ لگا چکا ہے۔ سکول میں بچوں کے لئے پینے کے صاف پانی کے لئے لگائے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی صفائی اور مرمت وغیرہ کی مد میں حکومت سے ملنے والی سالانہ لاکھوں روپے کی رقم بھی خرد برد کی جاتی ہے جبکہ بچے اور اساتذہ مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں۔ درخواست میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سکول کے سابق سربراہ غلام قادر ہراج جو 7فروری 2022 کو وفات پا چکے تھے ان کے اہل خانہ سے ملی بھگت کر کے پرنسل لیاقت علی ناصر نے ان کی بیوہ کے نام بننے والی پنشن کو چار ماہ تاخیر سے جولائی 2022 سے شروع کروایا جس سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر جھنگ خرم عبداللہ نیازی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے ان سے دس روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں