*تحفظ سنٹر سے ٹرانس جینڈرز، لاوارث بچوں کے حقوق اور دیگر سماجی مسائل کا ازالہ کیا جائے گا۔ ڈی پی او جھنگ*
جھنگ (جاوید اعوان سے ) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات پر ٹرانس جینڈرز کے استحصال، بے سہارا اور لاوارث بچوں کے حقوق اور سماجی مشکلات و دیگر مسائل کے حل کیلئے جیل روڈ پولیس لائنز جھنگ میں تحفظ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ڈی پی او ملک طارق محبوب نے تحفظ سنٹر کا افتتاح کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر شہید کنسٹیبل لیاقت علی کا بیٹا عبدالمعز اور ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے ممبران بھی ڈی پی او جھنگ کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے ویژن اور ترجیحات کے مطابق تحفظ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ پولیس ٹرانس جینڈر کمیونٹی سمیت معاشرے کے کمزور اور محکوم طبقات کے تحفظ اور مشکلات کے حل کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ ہمارا مذہب، قانون اور اخلاقیات کمزور طبقوں کے حقوق کے تحفظ کادرس دیتا ہے۔ تحفظ سنٹر پروگرام ان کمزور طبقات کیلئے خصوصی مدد و سہولت کا باعث ہو گا۔ جھنگ پولیس ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو درپیش مسائل کے ازالے، لاوارث اور بے سہارا بچوں کی ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کر نے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر ے گی تاکہ ان طبقات کو قانونی و سماجی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ دیگر اداروں کے باہمی تعاون اور اشتراک سے تشدد، استحصال، جنسی تعصب اور منفی رویے سے متاثرہ ٹرانسجینڈرز، معاشرتی عدم توجہ کے شکار بے گھر و بے سہارا بچے، ذہنی معذوری کا شکار سپیشل افراد اور نشے و سماجی برائیوں کی دلدل میں پھنسے کم عمر بچے بنیادی انسانی حقوق سے محروم رہتے ہیں۔ ان محروم شہریوں اور کم سن پھولوں کے تحفظ کیلئے جھنگ پولیس نے تحفظ سنٹر قائم کیا ہے جہاں انہیں معاشرے کا کار آمد شہری بنایا جائے گا۔ڈی پی او نے واضح کیا کہ تحفظ سنٹرز میں تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور وکٹم سپورٹ آفیسرز بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ اس اقدام سے لاوارث اور بے سہارا بچوں کے حقوق اور دیگر سماجی مسائل کوبھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا ئے گا تاکہ بچوں کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا تدارک کیا جا سکے۔