*جھنگ(جاوید اعوان سے)۔”نشہ مکاؤ مہم” کا آغاز ، منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ*
*ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی کی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کا عنوان “نشہ مکاؤ مہم” رکھا گیا ہے، جس کا مقصد سوسائٹی کو منشیات جیسے زہر سے نجات دلانا ہے۔ڈی پی او بلال افتخار کیانی نے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کی ترسیل و فروخت کے ہر نیٹ ورک کو پوری قوت کے ساتھ توڑا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈرگز کے بڑے ڈیلرز، جو نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں، کسی صورت رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں آہنی ہاتھوں سے کچلا جائے گا۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ منشیات کے آن لائن کاروبار کی روک تھام کے لئے جامع اور مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے، جبکہ تعلیمی اداروں کے اطراف میں سرگرم عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے پولیس افسران کو تنبیہ کی کہ منشیات کے خلاف مہم میں صرف عملی نتائج مانگے جائیں گے، لاپرواہی یا عدم دلچسپی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی پی او بلال افتخار کیانی نے یہ بھی واضح کیا کہ منشیات فروشوں کو سہولت فراہم کرنے یا ان سے روابط رکھنے والے پولیس افسران کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اپنے پیغام میں ڈی پی او جھنگ نے شہریوں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے نجات دلائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس مہم کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے ایک صاف اور صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے*۔
