*جھنگ(جاوید اعوان سے)۔ہیلتھ اتھارٹی میں فیمیل ویکسینٹر کو ہراساں کرنے کا سنگین معاملہ: سی ای او ہیلتھ کا فوری نوٹس، 03 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل*
*جھنگ ہیلتھ اتھارٹی میں ایک فیمیل ویکسینٹر کو جنسی ہراساں اور بلیک میل کرنے کا انتہائی سنگین معاملہ سامنے آیا ہے، جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ اتھارٹی جھنگ ڈاکٹر احمد شہزاد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے*۔
*ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) تحصیل جھنگ کے دفتر میں تعینات میل ویکسینٹر جہانزیب (جس کے پاس اے ایس وی کا اضافی چارج بھی ہے) کے خلاف یونین کونسل نمبر 47 کی ایک فیمیل ویکسینٹر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) جھنگ کو باضابطہ درخواست جمع کرائی ہے*۔
*درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملزم جہانزیب نے انہیں ہراساں کیا، “انتہائی بیہودہ زبان” استعمال کی، اور جنسی تعلقات استوار کرنے کے لیے مختلف طریقوں سے بلیک میل کرنے کی کوشش کی*۔
*ملزم ویکسینٹر جہانزیب نے تمام الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ “یہ سب کچھ جھوٹ کی کہانی ہے” اور وہ ہر قسم کی انکوائری کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں*۔
*دوسری جانب، ضلع کی تمام فیمیل ویکسینٹرز نے مشترکہ طور پر دھمکی دی ہے کہ اگر انہیں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ “آخری حد تک جائیں گی،” جس نے اس معاملے کی حساسیت کو مزید بڑھا دیا ھے*
*اس سنگین الزام کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹر احمد شہزاد، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی جھنگ نے فوری انکوائری کا حکم جاری کرتے ہوئے 03 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے*۔
*انکوائری کمیٹی میں شامل ارکان*:
*ڈاکٹر عائشہ فرمان، ایم ایس سٹی ہسپتال*
*ڈاکٹر ظفر حسن، ایڈیشنل ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیلتھ ہسپتال جھنگ*
*وقار نوازش لک، آفس سپرینٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جھنگ*
*عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر احمد شہزاد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حساس معاملے کا فوری اور احسن طریقے سے نوٹس لیں تاکہ محکمہ صحت کے ماحول میں کام کرنے والی خواتین کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے*۔
*مزید تفصیلات انکوائری کے نتائج کے بعد سامنے آئیں گی*۔
97









