55

فیصل آباد،(جاوید اعوان سے)دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے شعبہ تعلیم (امین کیمپس) کے زیر ا ہتمام “مارکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص: قومی یکجہتی اور حب الوطنی” کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا،

فیصل آباد،(جاوید اعوان سے)دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے شعبہ تعلیم (امین کیمپس) کے زیر ا ہتمام “مارکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص: قومی یکجہتی اور حب الوطنی” کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ و اساتذہ میں شعور و آگاہی کو فروغ دینا اور پاکستانی افواج کے ساتھ یکجہتی کے جذبے کو مستحکم کرنا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پرو فیسر ڈاکٹر مطلوب احمد (ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز )تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں اتحاد، حب الوطنی اور اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم قوم کی بنیاد اس کے باشعور، منظم اور متحد نوجوان ہوتے ہیں، اور تعلیمی ادارے اس شعور کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر مہمان مقرر پروفیسر محمد ذبیر پرنسپل گورنمنٹ کامرس کالج فیصل آباد نے نوجوانوں کے کردار، معیاری تعلیم اور فکری بیداری کو قومی استحکام کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی عناصر نہ صرف معاشرتی ترقی کو ممکن بناتے ہیں بلکہ افواجِ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلق اور عملی حمایت کو بھی فروغ دیتے ہیں، جبکہ بنیان المرصوص کے تصور کو انہوں نے اتحاد، نظم و ضبط اور اجتماعی قوت کی علامت قرار دیا۔ یہ سیمینار ڈاکٹر قیصر عباس(ہیڈ ایجوکشن ڈیپارٹمنٹ) اور پروفیسر ڈاکٹر محمد عبید اسلم کی نگرانی میں منعقد کیا گیا، جن کی مؤثر قیادت اور منظم حکمت عملی کے باعث پروگرام نہایت کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ تقریب کے دوران طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور مختلف تعلیمی و فکری سرگرمیوں اور گروپ ڈسکشن میں حصہ لیا، جہاں انہوں نے اتحاد، بھائی چارے، حب الوطنی اور اجتماعی ذمہ داری کے پیغامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ اساتذہ نے طلبہ کی فعال شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نہ صرف تعلیمی ماحول کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ طلبہ میں قائدانہ صلاحیتیں، قومی شعور اور مثبت طرزِ فکر بھی پیدا کرتی ہیں۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تعلیم، اتحاد اور شعور کے ذریعے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے اور قومی اداروں خصوصاً افواجِ پاکستان کے ساتھ اپنی یکجہتی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں