*جھنگ(جاوید اعوان سے)ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بلال افتخار کیانی نے رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کے لیے کیے گئے انتظامات کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کیا*۔ *اس موقع پر میڈیا کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے بتایا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد پہلے ہی مقرر کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم مارکیٹوں اور بازاروں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو دو شفٹوں میں تعینات کیا جائے گا تاکہ مقررہ نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے رابطہ نمبرز نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں گے تاکہ شہری فوری طور پر اپنی شکایات درج کروا سکیں۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران سبزی منڈی میں روزانہ دو مرتبہ نیلامی کے عمل کی مانیٹرنگ کریں گے، جبکہ سرکاری نرخ نامہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میگا اسٹورز اور مارٹس میں قائم ڈی سی کاؤنٹرز کی مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ ضروری اشیائے خوردونوش کی دستیابی مقررہ نرخوں پر یقینی بنائی جا سکے۔ اسی طرح ذخیرہ اندوزی، منافع خوری اور زائد قیمت وصولی کی روک تھام کے لیے پیرا فورس کے ذریعے باقاعدہ مارکیٹ انسپکشنز بھی جاری رہیں گی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بلال افتخار کیانی نے اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک کے دوران بازاروں، مساجد اور امام بارگاہوں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ شہری بلا خوف و خطر عبادات اور خریداری کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں*
*آخر میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں*۔
153









