*جھنگ(جاوید اعوان سے)محکمہ صحت میں کرپشن کے خلاف بڑا ایکشن؛ ٹی ایچ کیو اٹھارہ ہزاری کا میڈیکل آفیسر شکنجے میں*
*سرکاری خزانے پر ڈاکہ ڈالنے اور ڈیوٹی کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے والے میڈیکل آفیسر کی شامت آ گئی؛ سی ای او ہیلتھ کے حکم پر انکوائری کا آغاز، 2 مارچ کو طلبی*۔
*تفصیلات کے مطابق*:
*تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹھارہ ہزاری میں تعینات میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد ثاقب علی کے خلاف کرپشن اور سنگین بے ضابطگیوں کا پنڈورا بکس کھل گیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ ڈاکٹر عرصہ دراز سے سرکاری ہسپتال میں ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ اپنا نجی کلینک بھی چمکا رہے تھے، جبکہ دوسری جانب قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے سرکاری خزانے سے ماہانہ لاکھوں روپے کا “نان پریکٹس الاؤنس” بھی بٹورتے رہے*۔
*میڈیا کی ضرب اور حکام کا ایکشن*:
*میڈیا پر اس بڑی مالی بدعنوانی کی خبریں منظرِ عام پر آنے کے بعد محکمہ صحت میں کھلبلی مچ گئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ اتھارٹی جھنگ ڈاکٹر محمد یونس منیر نے معاملے کی سنگینی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کڑے احتساب کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر محمد احسن سلیانہ کو فوری انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے*۔
*ڈی ایچ او جھنگ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈاکٹر محمد ثاقب علی کو مورخہ 2 مارچ 2026 کو دوپہر 2 بجے اپنے دفتر طلب کر لیا ہے یہاں ان سے نان پریکٹس الاؤنس کی وصولی اور نجی پریکٹس کے حوالے سے باز پرس کی جائے گی*۔
*شہریوں اور سماجی حلقوں نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد یونس منیر کے اس جرات مندانہ اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ انکوائری کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والوں سے پائی پائی وصول کی جائے گی*۔
199









